پاکستان نے غزہ کے لیے چوتھی امدادی کھیپ روانہ کر دی۔

____ اشتہار ____


پاکستان نے غزہ کے مظلوم عوام کے لیے 20 ٹن امدادی سامان کی چوتھی کھیپ روانہ کر دی ہے۔

امدادی سامان پاکستان ایئر فورس کی خصوصی پرواز کے ذریعے نور خان ایئر بیس سے روانہ کیا گیا۔

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیع، این ڈی ایم اے اور مسلح افواج کے حکام بھی ایئربیس پر موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے فلسطینی عوام کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

انہوں نے غزہ میں شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے خلاف اسرائیل کی جانب سے غیر متناسب اور اندھا دھند طاقت کے استعمال کی مذمت کی۔

وزیر خارجہ نے بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقہ کے نسل کشی کے مقدمے کی مکمل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

انہوں نے فوری جنگ بندی کے ساتھ ساتھ غزہ کے لوگوں تک انسانی امداد کی فوری ترسیل کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

اس موقع پر فلسطینی سفیر نے امدادی سامان کی فراہمی پر حکومت پاکستان کا شکریہ دا کیا۔

چوتھی امدادی کھیپ میں ضروری اشیاء شامل ہیں جن میں سرجیکل اور طبی سامان، خشک خوراک کی اشیاء اور حفظان صحت کی کٹس شامل ہیں۔

اسرائیل نے 7 اکتوبر کو غزہ میں اپنی جنگ شروع کی جب فلسطینی گروپ حماس نے سرحد پار سے دھاوا بول دیا، جس میں 1200 سے زائد افراد ہلاک اور 240 کے قریب یرغمال بنائے گئے۔

اسرائیلی بمباری نے تقریباً تمام غزہ کے باشندوں کو ان کے گھروں سے دھکیل دیا ہے، انکلیو میں صحت کے حکام کے مطابق 25,000 سے زیادہ لوگ مارے گئے ہیں، اور زندہ بچ جانے والوں کو بھوک، بیماری اور بدحالی کا سامنا ہے۔

____ اشتہار ____